بارہ ربیع الاول کے بابرکت موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کی یاد دلاتا ہے جس کے ذریعے انسانیت کو ایمان، ہدایت، عدل، رحمت اور اخلاقِ حسنہ کا کامل راستہ عطا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت درحقیقت عالمِ انسانیت کے ایک روشن دور کا آغاز تھی، جس میں جہالت کی تاریکی سے نجات اور علم و ہدایت کا اجالا نصیب ہوا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمیں انسانوں کے درمیان باہمی احترام، خیرسگالی اور محبت کے جذبات کو فروغ دینے کا درس دیتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی ﷺ پوری انسانیت کے لیے کامل رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ معاشرے میں سچائی، دیانت اور قانون کی پاسداری کو فروغ دینا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ برداشت اور باہمی احترام پُرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔ حکومت پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی
