چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم نے ورلڈ کپ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ پاکستان نے 11ویں اور 12ویں پوزیشن کے میچ میں جنوبی افریقا کو شکست دی۔ مقابلہ نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹلوین میں کھیلا گیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا۔ میچ 4-4 گول سے برابر رہا۔ اس کے بعد فاتح ٹیم کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے ہوا۔ پاکستان نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں جنوبی افریقا کو 3-4 سے شکست دی۔ یوں گرین شرٹس نے ورلڈ کپ میں 11ویں پوزیشن اپنے نام کرلی۔
جنوبی افریقا نے میچ کا جارحانہ آغاز کیا۔ ٹیم نے پہلے کوارٹر میں گول کرکے برتری حاصل کی۔ دوسرے کوارٹر کے آغاز میں جنوبی افریقا نے دوسرا گول بھی کردیا۔ یوں اس کی برتری 2-0 ہوگئی۔ پاکستان نے اس کے بعد شاندار کم بیک کیا۔ افراز نے پاکستان کے لیے پہلا گول کیا۔ محمد اماد نے بھی گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ اس گول کے ساتھ پاکستان نے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔
