پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 9 ماہ بعد اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا،، خصوصی عدالت کے جج نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول کی رہائی کی روبکار جاری کی جس کے بعد ان کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔
رہائی کے بعد بشریٰ بی بی بنی گالہ پہنچ گئی ہیں،، قبل ازیں، بشریٰ بی بی کے 10 لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں جمع کروائے گئے اور ان کی رہائی کی روبکار جاری کردی گئی۔
بشریٰ بی بی کا ضمانتی مچلکہ ملک طارق محمود نون نے جمع کرایا۔
اس سے قبل تین بار غلط روبکار بنانے کی وجہ سے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی رہائی تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔
بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار تین بار بنائی گئی لیکن تینوں دفعہ غلط بنائی گئی جس کے بعد چوتھی بار درست روبکار بنائی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز (23 اکتوبر ) کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت 10،10 لاکھ روپے ضمانتی مچلکوں کی عوض منظور کی تھی، تاہم روبکار جاری نہ ہونے کے باعث ان کی رہائی نہیں ہوسکی تھی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت پر رہائی کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کیا تھا۔