نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فراڈ میں ملوث کال سینٹر پکڑ لیا، کارروائی کے دوران 28 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں 24 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں، تمام گرفتار افراد پاکستانی ملازمین ہیں۔
حکام کے مطابق ملزمان ٹیلی گرام اور جعلی خواتین کے فیس بک پروفائلز کے ذریعے شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے تھے، جبکہ جعلی ای کامرس اور انویسٹمنٹ اسکیمز کے ذریعے شہریوں سے رقم ہتھیانے کا انکشاف ہوا ہے۔
این سی سی آئی اے نے کارروائی کے دوران متعدد کمپیوٹرز اور موبائل فونز بھی قبضے میں لے لیے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق فراڈ کال سینٹر مبینہ طور پر ایک چینی ماسٹر مائنڈ چلا رہا تھا، جو این سی سی آئی اے کے چھاپے کے بعد سے مفرور ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ چینی ماسٹر مائنڈ اور اس نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
این سی سی آئی اے راولپنڈی نے گرفتار 28 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
