پاکستان سمیت 8 ممالک نے فلسطینیوں کی بے دخلی کے اسرائیلی بیانات مسترد کردیئے

پاکستان سمیت 8 ملکوں نے اسرائیلی وزراء کے غزہ سے فلسطینیوں کی بےدخلی سے متعلق بیانات کی شدید مذمت کی ہے اور فلسطینیوں کے جائز حقوق کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششیں مسترد کردی ہیں۔

پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیے اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں فلسطینی عوام کی اپنی سرزمین پر ثابت قدمی کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی علاقے کا اٹوٹ حصہ ہے، غزہ اور مغربی کنارے سمیت مقبوضہ بیت المقدس پر مشتمل فلسطینی سرزمین کا اتحاد برقرار رکھا جائے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منصفانہ اور پائیدار امن کا واحد راستہ دو ریاستی حل ہے، فلسطینیوں کو بےدخل کرنے کی کوششیں خطے کے استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ پاکستان سمیت 8 ملکوں نے فلسطینیوں کی جبری بےدخلی کی کسی بھی کوشش یا منصوبے کو مسترد کردیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بےدخل کرنے کے منصوبے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں، 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اور مقبوضہ بیت المقدس ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے