راولپنڈی میں رواں سال اب تک صرف 6مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوئی۔ خوش قسمتی سے کوئی بھی مریض ڈینگی سے جاں بحق نہیں ہوا۔ ڈینگی لاروا کی تلاش کیلئے چودہ سو ٹیمیں فیلڈ میں کام کر رہی ہیں۔
محکمہ صحت راولپنڈی کے مطابق سات ستمبر تک مجموعی طور پر تین ہزار سات سو تریپن افراد کی ڈینگی اسکریننگ کی گئی۔۔ البتہ صرف چھ مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوئی۔ سرویلنس کے دوران بارہ ہزار نو سو چھ گھروں سمیت انیس ہزار نو سو مقامات پر ڈینگی لاروا کی تصدیق ہوئی۔ حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر انیس سو تہتر مقدمات درج کروانے کے ساتھ اکیس لاکھ چوبیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں اگست اور ستمبر کے دوران ڈینگی کا کوئی نیا مریض رپورٹ نہیں ہوا۔ جولائی میں چار ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے تھے ۔ یہ کیسز ڈھوک حسو جنوبی، کوٹھہ کلاں اور کونٹریلا کے علاقوں سے سامنے آئے ۔ ڈینگی لاروا کی سب سے زیادہ نشاندہی یونین کونسل گرِجا، گلستان کالونی، رحیم آباد، ڈھوک حسو، مورگاہ، ڈھوک منگٹال اور کلیال میں ہوئی۔
