انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 24 ایم این ایز اور ایم پی ایز کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پولیس کی جانب سے دائر پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔
عدالت کے حکم کے مطابق اسد قیصر، شہرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی، ڈاکٹر امجد علی، جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب، ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر اور اختر خان ، ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، بابر سلیم سواتی، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کے پاسپورٹ بھی بلاک کیے جائیں گے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق مذکورہ افراد مقدمے میں نامزد ملزمان ہیں، تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔
عدالت کے مطابق ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملوں اور دہشتگردی کے فروغ جیسے سنگین الزامات عائد ہیں جبکہ وہ عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے ہیں۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ جن ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کی، وہ بھی مقدمے میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور کرلی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو ہدایت کی کہ اگلے احکامات تک مذکورہ ملزمان کے پاسپورٹ بلاک رکھے جائیں۔
