بلوچستان میں آپریشن ردالفتنۃ 3 کے تحت مختلف کارروائیوں میں 7 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں 2 مختلف کارروائیوں میں فتنۃ الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ پنجگور کے علاقے فتح علی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے دھاڈر میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی، جس کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کچھی میں کی گئی مؤثر کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
