اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جج طاہر عباس سپرا نے حکم دیا کہ بانی پی ٹی آئی کو جسمانی طور پر یا بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش کیا جائے۔
علاوہ ازیں عدالت نے سابق وفاقی وزرا فرح حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور پی ٹی آئی ایم پی اے حسن خان نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ تھانہ رمنا میں درج ہے۔
