ملک میں رواں سال چھٹا پولیو کیس رپورٹ، پاکستان میں پولیو ختم کیوں نہیں ہو رہا؟

ملک میں رواں سال کا ایک اور پولیو کیس سامنے آ گیا۔ 2026 کے دوران اب تک خیبر پختونخوا سے مجموعی طور پر 5 پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے 7 سال کے بچے میں  پولیو وائرس پایا گیا۔ قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر اور قومی ادارۂ صحت نے تصدیق کر دی۔

قومی ادارۂ صحت کی لیبارٹری رپورٹ کے مطابق پولیو سے متاثرہ بچہ تحصیل جمرود کی یونین کونسل غنڈی اے کا رہائشی ہے۔ حکام کے مطابق سال 2026 کے دوران اب تک خیبر پختونخوا سے مجموعی طور پر 5 پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ 4 کیسز جنوبی خیبر پختونخوا کے اضلاع سے سامنے آئے۔

پاکستان میں پولیو ختم کیوں نہیں ہو رہا؟

پاکستان میں سرکاری سطح پر پولیو کے خاتمے کی کوششوں کا آغاز تقریباً 29 برس پہلے ہوا، جن کے تحت ملک میں پانچ سال اور اس سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے دو قطرے پلائے جاتے ہیں۔

ایک تحقیق کے مطابق پولیو ویکسین کے بارے میں عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیاں، ملک کے اندر عدم تحفظ اور صحت کا ناقص نظام پولیو کے خاتمے کی مہم اور بیماری کے خاتمے میں ناکامی کی وجوہات ہیں۔

ایک دوسری تحقیق میں پاکستان میں رائج بعض مذہبی عقائد، پاکستان، افغانستان سرحد کے درمیان غیر منظم نقل و حرکت اور پولیو ویکسین کے بارے میں معلومات کی کمی کو پولیو کے خاتمے میں اہم رکاوٹوں کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔

پاکستان میں بعض عسکریت پسند تنظیمیں پولیو ورکرز کی ٹیموں پر حملے کرتی رہی ہیں، جن میں 2012 سے پاکستان انسداد پولیو پروگرام کے متعدد ہیلتھ ورکرز اور کئی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔

ملک میں والدین کی ایک بہت بڑی تعداد پولیو ویکسین کو انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے گریز کرتے ہیں۔

پولیو ہے کیا؟

پولیو (پولیومائلائٹس) ایک وائرس (پولیس وائرس) سے پھیلنے والی نہایت متعدی بیماری ہے، جو عام طور پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو متاثر کرتی ہے۔

پولیو ایک متعدی بیماری ہے، اور اس کا وائرس عام طور پر ایک سے دوسرے شخص کو پاخانے یا منہ کے راستے منتقل ہوتا ہے، جبکہ آلودہ پانی یا خوراک سے بھی اس کے پھیلاؤ کے شواہد موجود ہیں۔

انسانی جسم میں پولیو وائرس آنتوں کو اپنا مسکن بنا کر بڑھتا ہے، جہاں سے یہ اعصابی نظام پر حملہ کر  کے فالج کا سبب بن سکتا ہے۔

پولیو کی ابتدائی علامات میں بخار، تھکاوٹ، سر درد، قے آنا، گردن میں سختی اور اعضا میں درد شامل ہیں۔ پولیو کا شکار ہونے والے بہت کم افراد کو فالج ہوتا ہے، جو عام طور پر مستقل ہوتا ہے۔ اس وائرس کا کوئی علاج نہیں ہے اور اسے صرف حفاظتی ٹیکوں سے ہی روکا جا سکتا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے