صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب بھر میں بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتے سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث کل سے 14 اکتوبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے، جبکہ حافظ آباد، وزیرآباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، بلدیات اور لائیو اسٹاک کے محکموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش اختیار کرنے سے گریز کیا جائے۔ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
انہوں نے شہریوں کو آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہنے اور گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے نہ جانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورت حال میں شہری ادارے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
