وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے بنکاک میں امریکی محکمہ خارجہ کے سفیریون کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں تجارت، توانائی، اہم معدنیات اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، تجارتی فریم ورک معاہدے پر پیشرفت،امریکا سے درآمدات میں اضافے کے ذریعے توانائی کے ذرائع میں تنوع کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق انسدادمنی لانڈرنگ،دہشتگردی کی مالی معاونت روک تھام انتظامات اورایف اے ٹی ایف سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اورایکسپورٹ امپورٹ بینک کےذریعےمنصوبوں کی مالی معاونت کےامکانات پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں ریکو ڈک منصوبے، اہم معدنیات کے شعبے میں تعاون، منصوبے کی سلامتی اور نجی سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کی گئی، بوئنگ طیاروں کی خریداری و مالی معاونت اور ہوا بازی سے متعلق منظوریوں کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
ڈیجیٹل اثاثوں کے ضابطہ جاتی نظام اور ترسیلاتِ زر و یورو بانڈز کی ٹوکنائزیشن کے ممکنہ استعمال پر تبادلہ خیال ہوا، وزیرخزانہ نے ایندھن کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے اور کمزور طبقات کو ٹارگٹڈ ریلیف فراہمی کےاقدامات سے آگاہ کیا۔
