پاکستان میں وی پی این کے استعمال میں جون 2024ء سے اب تک بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق تیرہ کروڑ اسی لاکھ میں سے چار کروڑ چودہ لاکھ انٹرنیٹ صارفین وی پی این کا استعمال کر رہے ہیں۔پاکستان میں اس عرصے کے دوران وی پی این کے استعمال میں 131% اضافہ ہوا۔ خطرناک بات یہ ہے کہ زیادہ ترافراد غیرمصدقہ وی پی اینز استعمال کر رہے ہیں جو نہ صرف استعمال کرنے والے بلکہ ملک کے لیے بھی شدید نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
کئی ممالک میں وی پی اینز کا استعمال ناصرف غیر قانونی ہے بلکہ اس حوالے سے سخت قوانین بھی بنائے گئے ہیں تاکہ غیر قانونی انٹرنیٹ ٹریفکنگ کو قانونی دائرے میں لایا جاسکے۔ ترکی، دبئی، بھارت اور بیلا روس نے اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز پر سخت پابندی عائد کر دی ہے۔
غیرمصدقہ وی پی اینز کا استعمال، ڈیٹا پرائیویسی کے مسائل
پاکستان میں غیر مصدقہ وی پی اینز کے استعمال سے ڈیٹا پرائیویسی کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ نوجوان نسل کو اخلاقی طور پر تباہ کرنے کیلئے فحش مواد تک رسائی کیلئے وی پی اینز کا استعمال کیا جا رہاہے اور پاکستان فحش مواد دیکھنے والے ممالک میں سر فہرست ہے۔ اس کے علاوہ سکیورٹی کے مسائل بھی سامنے آئے ہیں۔
بینک اکاؤنٹ اور ذاتی ڈیٹا غیر محفوظ
آن لائن سائبر کرائمز میں اضافہ ہوتا ہے جس سے بہت ساری پیچیدگیاں جنم لیتی ہیں۔ دہشتگرد تنظیمیں اپنے مذموم مقاصد کیلئے وی پی اینز کا استعمال کرتی ہیں۔ اس کے استعمال سے بینک اکاؤنٹ، ذاتی ڈیٹا اور دیگر تفصیلات غیر محفوظ اور ہیکرز کیلئے آسان ہدف بن جاتی ہیں۔ انٹرنیٹ کی رفتار بھی سست ہو جاتی ہے۔
آئی ٹی ماہرین کیا کہتے ہیں؟
آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی مدد سے دہشت گرد تنظیمیں یا مجرمانہ عناصر اپنی شناخت چھپا سکتے ہیں اور غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دے سکتے ہیں۔ اس لئے یہ ضروری ہے غیر مصدقہ وی اینز کو رجسٹرڈ کیا جائے اور ان کے غیر قانونی استعمال کی حوصلہ شکنی کی جائے اور مزید یہ کہ حکومتی سطح پر غیر مصدقہ وی پی اینز کیWhitelisting کی جائے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جاسکے اور انٹرنیٹ رفتار میں بہتری آسکے۔
وی پی این کیا ہے؟
وی پی این ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو آپ کا انٹرنیٹ کنکشن ایک مخصوص سرورکے ذریعے گزار کر آپ کی شناخت کو چھپاتا ہے۔ جب آپ وی پی این کا استعمال کرتے ہیں توآپ کا انٹرنیٹ کنکشن اور آئی پی ایڈریس غیر محفوظ ہو جاتا ہے۔اس کے علاوہ سائبرتھریٹ، ہیکرز اور دوسرے آن لائن حملہ آور آپ کی ذاتی معلومات تک ناصرف رسائی حاصل کر پاتے ہیں بلکہ آپ ہیکرز کا آسان ہدف بن جاتے ہیں کیونکہ وی پی این کے استعمال سے آپ کی لوکیشن بدل جاتی ہے اور آپ جغرافیائی سرحدوں سے آزاد ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے حساس معلومات آپ ہیکرز کو انجانے میں فراہم کردیتے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ لوگ وی پی این کا استعمال بہت ساری بلاک ویب سائٹس اور مواد تک رسائی کیلئے کرتے ہیں۔