واشنگٹن ڈی سی میں پاک امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور امریکی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ اگلا ایونٹ کل شکاگو میں ہوگا۔
سلیکون ویلی اور ڈیلاس کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں بھی پاک امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کا میلہ سج گیا۔ پاکستانی سفارتخانے اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے اشتراک سے منعقدہ ایونٹ میں 16 معروف پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں، امریکی ماہرین اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ کمپنی سربراہان نے اپنے اداروں کے آپریشنز اور ٹیکنالوجی کے نظام سے شرکا کو آگاہ کیا۔
پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کو آئی ٹی کے شعبے میں وسعت دینے کی ضرورت ہے، انسداد دہشت گردی کے بعد ٹیکنالوجی میں تعاون مثالی اور نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دفاع اور سفارت کاری میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اب معیشت مضبوط بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔ ٹیک کنیکٹ کا مقصد پاکستانی کمپنیوں کو امریکی اداروں کے ساتھ اشتراک کے لیے تیار کرنا ہے، جبکہ پاکستانی کمیونٹی اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے میں کردار ادا کرے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے ٹیک کنیکٹ کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ امریکا پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں اہم شراکت دار ہے۔


