چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر، فرنچائزز کے نمائندوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ شرکا نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے حوالے سے اہم فیصلے کیے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگ کا عمل 23 اکتوبر سے 23 نومبر تک جاری رہے گا۔ ہر فرنچائز ایک مارکی کھلاڑی کو براہ راست سائن کر سکے گی۔
تاہم، ڈائریکٹ سائننگ کے لیے ایک شرط بھی مقرر کی گئی ہے۔ متعلقہ کھلاڑی نے پی ایس ایل کے گزشتہ دو سیزنز میں شرکت نہ کی ہو۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پی ایس ایل 12 کا پلیئر آکشن 23 جنوری کو منعقد ہوگا۔ لیگ 18 مارچ سے 2 مئی تک جاری رہے گی۔
اس بار مقابلے ملک کے پانچ سے چھ شہروں میں کرانے کا منصوبہ ہے۔ اس اقدام کا مقصد زیادہ شہروں میں کرکٹ کو فروغ دینا اور شائقین کو میچز دیکھنے کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔
پی ایس ایل کی تیاریوں کے لیے اگلے ہفتے کرکٹ ورکشاپ بھی منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ لیگ سے قبل نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور ایونٹس بھی کرائے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹیج ہے۔ ان کے مطابق، گیارہویں سیزن کا اختتام ریکارڈ تعداد میں تماشائیوں کی موجودگی میں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اب اسی مومینٹم کو آگے بڑھایا جائے گا۔ اس مرتبہ پی ایس ایل کے میچز زیادہ شہروں میں کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ملک میں کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ اس کے ساتھ شائقین کو بھی زیادہ سے زیادہ مقابلے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ ہر فرنچائز کے لیے پی ایس ایل 12 کا بہترین اسکواڈ تشکیل دینے کی دوڑ شروع ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹ سائننگ اور پلیئر آکشن کے مراحل فرنچائزز کو اپنی ٹیمیں مضبوط بنانے کا موقع فراہم کریں گے۔ ان مراحل کے ذریعے ٹیمیں آئندہ سیزن کے لیے اپنے اسکواڈ تشکیل دے سکیں گی۔


