ٹیکس نظام میں شفافیت بڑھانے کیلئے ٹیکس معاملات کو آن لائن چلانے کے منصوبہ کے تحت ایف بی آر نے انکم ٹیکس قواعد میں نئی تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایف بی آر میں براہِ راست رابطے کے بغیر ٹیکس جانچ پڑتال نظام متعارف کرانے کی تجویز ہے، ٹیکس دہندگان کے جوابات اور دستاویزات آن لائن نظام آئی آر آئی ایس کے ذریعے جمع ہوںگے۔
فیس لیس اسیسمنٹ یونٹ کو ٹیکس عائد کرنے اور ٹیکس میں ترمیم کرنے کے اختیارات ملیں گے، فیس لیس اسیسمنٹ یونٹ کو نوٹس جاری کرنے اور جرمانےعائد کرنے کا اختیار دینے کی بھی تجویز ہے۔
ٹیکس افسران کو آن لائن سماعت اور جسمانی تصدیق کرانے کی اجازت دینے، انکم ٹیکس قواعد میں فیس لیس اسیسمنٹ کیلئے نئی شق شامل کرنے کی تجویز ہے۔
ٹیکس کے معاملات میں اپیلوں کے فیصلوں پر عمل درآمد بھی فیس لیس اسیسمنٹ یونٹ کرے گی، مجوزہ نئے نظام کے تحت ٹیکس دہندگان کو اپنا مؤقف پیش کرنےکا موقع دیا جائےگا۔ ایف بی آر نے مجوزہ تبدیلیوں پر اعتراضات اور تجاویز کے لیے 3 دن کی مہلت دے دی۔


