اسلام آباد :بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے قائم مقام ریکٹر و صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر پوری امتِ مسلمہ کے لئے امید کی کرن ہیں۔قائم مقام ریکٹر جامعہ نے یہ بات فیصل مسجد میں نمازِ جمعہ کا خطبہ دیتے ہوے کہی ۔ فیصل مسجد مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لئے تحفہ اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن اور جذبے اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اغراض و مقاصد کے مطابق اسلامی یونیورسٹی اس عظیم الشان یادگار کی نگہبان ہے۔قائم مقام ریکٹر نےفیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ہر میدان میں پاک افواج کی مضبوطی اور کامیابی کے لئے دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک افواج امتِ مسلمہ کی طاقت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امتِ مسلمہ کو آج جتنے سفاک دشمن کا سامنا ہے اتنا پہلے کبھی نہیں تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کی مدد کے بعد امت کی اصل طاقت اس کا اتحاد ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک مضبوط پل سمجھا جاتا ہے۔ اسلامی یونیورسٹی کے قائم مقام ریکٹر کی حیثیت سے انہوں نے تعلیم کے شعبے میں پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مسلسل کام کیا ہے، ان کی کوششوں سے یونیورسٹی کو خصوصی گرانٹس ملی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے مملکتِ سعودی عرب سے اسلامی یونیورسٹی کے لئے ساڑھے 14کروڑ روپے کی ایک اور گرانٹ حاصل کی ہے۔ خطبے میں انہوں نے خبردار کیا کہ امت گہرے اختلافات اور شدید تفرقے کا شکار ہے،آج ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اللہ سے ڈریں اور گھر، گلی اور کام کی جگہ پر اتحاد کا عملی مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید کے مطابق امت ایک ہے اور اسے صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنی چاہئے۔قائم مقام ریکٹر نے کہا کہ دیگر قومیں اپنے جغرافیے، نسب، نسل یا قبیلے پر فخر کرتی ہیں جبکہ اسلام اپنے پیروکاروں کو کلمے کے ذریعے متحد کرتا ہے۔ اتحاد کی پُرزور اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلمہ مومن کو اس کے خالق، نبی کریم ﷺ اور اس کے دینی بھائیوں سے جوڑتا ہے، کوئی شخص اس وقت تک سچا مومن نہیں ہو سکتا جب تک وہ اپنے بھائی کے لئے وہی پسند نہ کرے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں اور باہمی جھگڑوں سے بچیں۔

