راک اسٹار گیمز نے ایکشن ایڈونچر گیم سیریز کا چھٹا حصہ جی ٹی اے سکس لانچ کر دیاہے۔
13 برس کے طویل انتظار کے بعد ویڈیو گیم ’’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘‘ (Grand Theft Auto VI) جمعرات کو دنیا بھر میں مرحلہ وار جاری ہونا شروع ہو گئی۔
اس کی پیداواری لاگت پر ایک ارب ڈالر یا اس سے زیادہ کا تخمینہ لگایا گیا ہے، تاریخ میں سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی ویڈیو گیم کی ریلیز کو ابتدائی جائزوں میں غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
یہ گیم پلے اسٹیشن فائیو اور ایکس باکس پر دستیاب ہے، عالمی شیڈول کے مطابق اس کی پہلی لانچ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ہوئی۔ راک اسٹار گیمز کے مطابق گیم کے مرکزی کردار جیسن اور لوشیا ہیں، جن کے گرد کہانی گھومتی ہے۔
گیم کا مرکزی مقام وائس سٹی ہے، جو امریکی شہر میامی سے متاثر ہے، جی ٹی اے سکس میں جدید گرافکس اور حقیقت سے قریب تر ماحول پیش کیا گیا ہے، گیم کے پی سی ورژن کی ریلیز کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔
یہ گیم اپنے ڈویلپر، ٹیک ٹو انٹرایکٹو کے لیے اربوں ڈالر کی آمدنی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ اسے تیار کرنے والے اسٹوڈیو راک اسٹار گیمز کی اس گیم نے میٹا کرٹک کی تاریخ کی بہترین ویڈیو گیمز کی درجہ بندی میں 99 اسکور کے ساتھ تیزی سے سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے۔ اس اسکور تک اب تک صرف ایک اور گیم پہنچی ہے، جو نینٹینڈو کی 1998 کی کلاسک گیم ’’دی لیجنڈ آف زیلڈا: اوکارینا آف ٹائم‘‘ ہے۔

