ایران نے امریکا سے کئی دہائیوں پر محیط اقدامات اور جنگی نقصانات کے ازالے کے لیے 290 ارب ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی عدلیہ کے مرکز برائے وکلا کے سربراہ حسن عبداللہیان پور نے سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایرانی عدالتوں نے امریکا کے خلاف دائر مقدمات کے فیصلے سنا دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عدالتوں نے جنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر امریکا کو مجموعی طور پر 290 ارب ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
حسن عبداللہیان پور کے مطابق یہ مطالبہ صرف حالیہ جنگ کے نقصانات تک محدود نہیں ہے۔ بلکہ اس میں کئی دہائیوں کے دوران امریکا کے اقدامات سے ہونے والے نقصانات بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں موجودہ جنگ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد شروع ہوئی تھی۔
ایرانی عدلیہ کے عہدیدار نے مزید بتایا کہ ان ممالک کے خلاف بھی متعدد مقدمات دائر کیے گئے ہیں جنہوں نے اپنی سرزمین امریکا کو ایران پر حملوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی۔
ان کے مطابق ان مقدمات میں خلیجی عرب ممالک بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب، جون میں امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں ایران کی تعمیر نو اور اقتصادی ترقی کے لیے 300 ارب ڈالر کا منصوبہ تیار کرنے کی شق بھی شامل تھی۔
تاہم، ایرانی عدالتوں کے حالیہ فیصلوں کے بعد امریکا کی جانب سے ہرجانے کی ادائیگی یا ان فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
اس طرح ایران کا 290 ارب ڈالر ہرجانے کا مطالبہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود مالی اور سیاسی تنازعات میں ایک نئی پیشرفت ہے۔

