امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (USCIRF) نے بھارت میں ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کے عمل کے دوران مذہبی اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے الزامات پر تشویش ظاہر کی ہے۔
کمیشن کے چیئرپرسن محمود احمد کے مطابق، بھارتی حکومت پر الزام ہے کہ وہ مسلمانوں کے نام ووٹر فہرستوں سے خارج کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض افراد کو غیر ملکی قرار دے کر ملک بدری کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب، یو ایس سی آئی آر ایف کے کمشنر جین ملز نے مذہبی شناخت کی بنیاد پر اقلیتوں کی مبینہ بے دخلی پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کو مذہبی آزادی کے حوالے سے تشویش ناک ملک قرار دینے پر غور کیا جائے۔
بھارتی جریدے دی آبزرور پوسٹ کے مطابق، بھارت میں مسلمانوں کو مذہبی شناخت کی بنیاد پر ملک بدر کرنے کے الزامات کو اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
مزید یہ کہ یو ایس سی آئی آر ایف نے اقلیتوں کے خلاف تشدد روکنے میں ناکامی پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کمیشن نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ اس معاملے نے بھارت میں مذہبی آزادی، اقلیتوں کے حقوق اور انتخابی فہرستوں کے طریقہ کار سے متعلق سوالات کو دوبارہ نمایاں کر دیا ہے۔

