ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی فوج کی فضائی نگرانی میں سفر کرنے والے تین آئل ٹینکرز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ان میں شدید دھماکے ہوئے اور آگ لگ گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے بتایا کہ یہ واقعات آبنائے ہرمز کے مختلف مقامات پر پیش آئے۔ تاہم، بیان میں جہازوں کے نام، ملکیت، پرچم اور عملے سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
پاسدارانِ انقلاب نے ان جہازوں کو غیر مجاز راستوں سے گزرنے والا قرار دیا اور خبردار کیا کہ امریکی فوج کی نگرانی بھی جہازوں کو ایرانی بحریہ کی ہدایات پر عمل کرنے سے مستثنیٰ نہیں کرتی۔
تاحال ان تینوں واقعات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ مخالفین ایران پر ایسی صورتحال مسلط کرنا چاہتے ہیں جو نہ مکمل جنگ ہو اور نہ ہی امن کی حالت۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران امریکی ناکہ بندی کا مقابلہ کرنے کے لیے مختلف عسکری طریقے اختیار کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق، ناکہ بندی توڑنے کے طریقے موجود ہیں اور ان پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔
باقر قالیباف نے امریکا، روس اور چین کے درمیان ہونے والے سہ فریقی اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس اجلاس میں شریک نہیں تھا، تاہم اس کے باوجود وہ تینوں طاقتوں کے تمام فیصلوں پر اثر انداز ہوا۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران دنیا کی چار طاقتور ترین ریاستوں میں شامل ہے۔

