وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے یا افغانستان اور طالبان کے ساتھ، وہ ایک عسکری جماعت کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں، انہیں ایک قدم پیچھے ہٹ کر راستے نکالنے چاہئیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر راستے بند نہ کیے جائیں تو معاملات بہتر ہو سکتے ہیں، یہ اچھا نہیں لگتا کہ مشرف کا ایل ایف او منظور کرانے والے مولانا فضل الرحمان آج ایک جمہوری حکومت کے ریفرنڈم کو غلط قرار دے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بلاول آج کل زیادہ غصہ کر رہے ہیں، انہیں ریفرنڈم کے خوف میں نہیں جانا چاہیے، عوامی رائے سے اتنا خوف کیوں ہے؟
انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو انہیں عدالت میں قانونی دلیل دینی چاہیے، بلاول سیاسی دلیل کی جگہ قانونی اور قانونی دلیل کی جگہ سیاسی دلیل دے رہے ہیں۔

