ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحریہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے سے شمالی بحر ہند تک سمندری حدود کی نگرانی اور کنٹرول کر رہی ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرم نیا نے یوم بحریہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی بحری افواج اہم سمندری راستوں اور ان کے آس پاس کے پانیوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔
یہ بیان امریکی سینٹرل کمانڈ کے ایک دعوے کے بعد سامنے آیا ہے۔ امریکی کمانڈ کے مطابق امریکی بحری ناکہ بندی سے بچنے کی کوشش کرنے والے ایک تجارتی جہاز کو خلیج عمان میں کارروائی کے دوران روک لیا گیا۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں ہفتے عمان کی بندرگاہ خصب کے قریب دو تیل بردار جہاز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان بحری کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے باعث آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔
مزید یہ کہ تجارتی جہازوں پر حملوں اور امریکی بحری ناکہ بندی نے خطے کی سمندری صورت حال کو مزید کشیدہ کر دیا ہے۔

