پاکستان آرمی کے 8 ویں انٹرنیشل ٹیم اسپرٹ مقابلوں کی کھاریاں چھاؤنی میں اختتامی تقریب۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر مہمان خصوصی تھے۔
60 گھنٹوں پر محیط کٹھن ترین پٹرولنگ ایکسرسائز کا مقصد ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا تھا۔ شرکاء نے ان مقابلوں کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ تخلیقی آئیڈیاز، اور تجربات شیئر کئے
پاکستان آرمی کی 7 ٹیموں، اور پاکستان نیوی کے علاوہ دوست ممالک سے 15 ٹیموں نے مقابلوں میں شرکت کی۔
بحرین، بیلاروس، چین، سعودی عرب اور مالدیپ کی ٹیمز نے حصہ لیا
مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکی، امریکہ اور ازبکستان بھی مشقوں میں شامل تھے
بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، کینیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے مبصر کے طور پر مشق کا مشاہدہ کیا
پٹرولنگ مشق پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں کی گئی
مشق دوست ممالک کے لیے نہایت پیشہ ورانہ اور مسابقتی فوجی سرگرمی کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا اس قسم کی مشقوں سے ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ پیٹس ہمیشہ پیشہ ورانہ فوجی صلاحیتوں اور جنگی فہم و فراست کو یکجا کرتے ہوئے ہر سپاہی میں درکار ٹیم اسپرٹ کو فروغ دیتا ہے۔ پاک فوج نے ہمیشہ "کردار، جرات اور مہارت” جیسی سپاہیانہ خصوصیات کو برقرار رکھا ہے۔ پاک فوج کے جوانوں نے بے مثال سپاہیانہ خصوصیات کا مظاہرہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بخوبی کیا۔
آرمی چیف نے شرکاء کی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی استقامت اور اعلیٰ اخلاقی معیار کی تعریف کی اور مشق کے شرکاء میں انفرادی اور ٹیم کی سطح پر ایوارڈز تقسیم کیے
بین الاقوامی مبصرین اور شریک ممالک کے دفاعی اتاشیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔