پاک فوج نے خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ آپریشنز کئے جن میں رنگ لیڈر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں رنگ لیڈر ذبیح اللہ زکران بھی شامل ہے۔
اعلامیے کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں آپریشن کیا، دوران کارروائی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور کارروائی میں فورسز نے خارجی رنگ لیڈر ذبیح اللہ زکران کو ہلاک کر دیا، جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردی کی سرگرمیوں کے علاوہ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں ممکنہ کسی بھی دوسرے خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے، مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔