وزارتِ خارجہ نے کیتھولک مسیحی مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے پوپ فرانسس ایک معتبر روحانی پیشوا اور امن، بین المذاہب مکالمے اور ہمدردی کے عالمی علمبردار تھے۔ پوپ فرانسس نے دنیا کے مذاہب کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کئے۔
پوپ فرانسس مظلومین کی حمایت اور انسانیت کی بنیادی حرمت کے لیے بھرپور اور توانا آواز تھے۔ پاکستان اُن کی ان تھک کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان پوپ فرانسس کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو انہوں نے مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے مابین باہمی احترام اور ہم آہنگی بڑھانے کے لیے کیں۔۔ اُن کا ورثہ عاجزی، بے لوث خدمت اور بنی نوع انسان کے لیے ایک وحدت بخش نظریے سے عبارت ہے۔
ان کا یہ ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے باعثِ تحریک رہے گا۔
اس گہرے دکھ کی گھڑی میں پاکستان اپنے کیتھولک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتا ہے اور غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔
شفقت علی خان نے کہا پاکستان ان تمام افراد جو کہ پوپ فرانسس کی غیر معمولی زندگی سے متاثر ہوئے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔