جنوری 2024 سے اب تک 5 ہزار 402 پاکستانی بھکاروں کو مختلف ممالک سے ملک بدر کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات میں وزارت داخلہ نے بتایا کہ سب سے بڑی تعداد 5 ہزار 33 بھکاری سعودی عرب سے ملک بدر کئے گئے۔۔
سال 2024 کے دوران مجموعی طور پر 4 ہزار 850 پاکستانی بھکاری بیرون ممالک سے ملک بدر کیے گئے جس میں سعودی عرب سے 4 ہزار 498، عراق سے 242، ملیشیا سے 55، اور متحدہ عرب امارات سے 49 بھکاریوں کو واپس بھیجا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2025 میں اب تک 552 پاکستانی بھکاری ملک بدر کیے جاچکے ہیں جس میں سعودی عرب سے 535، یو اے ای سے 9، عراق سے 5 بھکاریوں کو واپس بھیجا گیا ہے۔
فہرست میں قطر اور عمان جیسے خلیجی ممالک کا بھی ذکر کیا گیا ہے، تاہم وہاں سے ملک بدر کیے گئے افراد کی تعداد کی الگ تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔
وزارت داخلہ نے یہ اعداد و شمار قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی سرگرمیوں پر مؤثر نگرانی کی اشد ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال سعودی حکومت نے یہ معاملہ پاکستانی حکومت کے سامنے اٹھایا تھا اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے۔