ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی، تو کشمیر کے چھ دریا پاکستان کے حصے میں آئیں گے۔
الجزیرہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا، اور حالیہ عسکری حکمت عملی کئی دہائیوں تک عسکری اداروں میں زیر مطالعہ رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور افواج کے درمیان اتحاد نے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے جھوٹ، فریب، اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر مبنی مہم چلائی، مگر پاکستان نے سچ بولا، عالمی برادری نے پاکستان کے مؤقف کو سراہا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے فرضی کہانیوں کے ذریعے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، حتیٰ کہ کراچی بندرگاہ پر حملے، ہوائی جہازوں کے گرنے اور وزیر اعظم کی منتقلی جیسے جھوٹے دعوے کیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا کہ پاکستان نے اعلان کے ساتھ بھرپور اور کامیاب جوابی کارروائی کی، اور بھارت کے چھ جنگی طیارے تباہ کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے کئی محاذوں پر سفید جھنڈے لہرائے، جس سے پاکستانی افواج کی برتری واضح ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی شہری یا مذہبی مقامات کو نشانہ نہیں بنایا۔ پاکستان اور سکھ برادری کے درمیان محبت، ثقافت اور زبان کا اشتراک ہے، اور یہ ہماری پالیسی کے خلاف ہے کہ ہم مذہبی مقامات کو نشانہ بنائیں۔
سندھ طاس معاہدے سے متعلق سوال پر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ کوئی ہوش مند شخص 24 کروڑ پاکستانیوں کا پانی روکنے کا خواب نہیں دیکھ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق متنازع علاقہ ہے، اور اگر کل کو کشمیر پاکستان میں شامل ہو جاتا ہے تو تمام چھ دریا پاکستان کے ہوں گے۔
غزہ کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم نسل کشی کے مترادف ہیں اور یہ عالمی ضمیر پر ایک سیاہ دھبہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی صورتحال ہمیں سکھاتی ہے کہ مضبوط دفاعی صلاحیت اور خود پر اعتماد ضروری ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹ اور پروپیگنڈا پھیلا رہا ہے، جبکہ پاکستان میں آزادی اظہار رائے کا احترام کیا جاتا ہے۔ پاکستان نے کسی صحافی کو گرفتار نہیں کیا، اور یہی ملک کی سچائی پر مبنی پالیسی کا ثبوت ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے ایک فولادی دفاعی دیوار کھڑی کی ہے، جو ہر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ فضائی، زمینی، اور بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی اور سیاسی قیادت کی مکمل حمایت کے ساتھ پاکستان نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔