واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کا ایلون مسک سے بات کرنے کا ’کوئی ارادہ نہیں‘ ہے، یہ بیان کانگریس میں زیر بحث ریپبلکن اخراجاتی پیکیج پر دونوں کے درمیان ہونے والی کھلم کھلا چپقلش کے بعد سامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے ہفتے کے روز این بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں دوسرے کاموں میں مصروف ہوں، میرا ایلون مسک سے بات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ بہت بری بات ہے، کیوں کہ مسک بہت بے ادب ہے، آپ صدر کے عہدے کی بے ادبی نہیں کر سکتے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگر ایلون مسک نے اپنی دولت کو ڈیموکریٹس کو فنڈ دینے کے لیے استعمال کیا تو اسے ’سنگین نتائج‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایلون مسک کی اخراجاتی بل کی مخالفت کی وجہ سے یہ امکان ہے کہ وہ ان ریپبلکن امیدواروں کے خلاف حریفوں کو فنڈ دیں جو اس بل کے حق میں ووٹ دیں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ’اگر وہ ایسا کرتا ہے، تو اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے‘۔