تہران — ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اتوار کے روز قوم سے ایک سخت اور پرجوش پیغام میں اعلان کیا ہے کہ ایران کسی بھی غیر ملکی جارحیت کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ یہ بیان قطر کے العددید ایئر بیس پر بیلسٹک میزائل حملے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا ہے، جس کا الزام ایران پر عائد کیا گیا ہے۔
ایران کے طاقتور فوجی بازو اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے اس حملے کو "آپریشن بشارت الفتح” کا حصہ قرار دیا، جس میں العددید ایئر بیس (قطر) پر چھ بیلسٹک میزائل داغے گئے،عراق اور شام میں امریکی اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا اور دوحہ میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں
ایرانی میڈیا کے مطابق، حملے سے قبل قطر کی اہم امریکی فوجی تنصیبات کو جزوی طور پر خالی کرا لیا گیا تھا، جس سے ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا”ہم نے کسی پر حملہ نہیں کیا، لیکن اگر کوئی ہم پر حملہ کرتا ہے تو ہم کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ایرانی قوم ظلم کے سامنے نہ جھکتی ہے، نہ ہی سمجھوتہ کرتی ہے۔”
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران کے یہ اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت خود دفاع کے حق میں کیے گئے ہیں۔