قطر کی ثالثی میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان اہم مذاکرات آج دوحہ میں ہوں گے

قطر کی ثالثی میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان اہم مذاکرات آج دوحہ میں ہوں گے

دوحہ — قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آج پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان اہم مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات قطر کی ثالثی کے تحت ہو رہی ہے جس میں افغان وزیرِ دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کی سربراہی میں امارتِ اسلامیہ کا وفد شریک ہوگا، جبکہ پاکستان کی نمائندگی اعلیٰ سکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے اگرچہ مذاکرات کے وقت اور مقام کے بارے میں باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل اور طلوع نیوز نے اپنے اپنے ذرائع کے حوالے سے دوحہ میں بات چیت کی تصدیق کی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات حالیہ پاک-افغان سرحدی کشیدگی کے خاتمے کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے قطر نے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "قطر نہایت سنجیدگی سے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار امن کے لیے کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔”

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو قطر کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر عبدالعزیز الخلیفی کا خصوصی پیغام موصول ہوا، جس میں قطر نے پاکستان کے تعمیری کردار اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کی کوششوں کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے قطر کی حمایت اور امن کے فروغ کے لیے جاری مثبت کردار پر شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والی عارضی جنگ بندی کی مدت آج شام 6 بجے ختم ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران فریقین جنگ بندی میں توسیع اور بارڈر سیکیورٹی کے نئے طریقہ کار پر بھی غور کریں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے