ماسکو کے ایئرپورٹ کے اندرون ملک روانگی کے لاؤنج میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔۔ بیلاروس سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ ولادیمیر وتکوف نے ایک ایرانی بچے کو نفرت میں زمین پر پٹخ دیا۔۔ بچے کے سر اور ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے اور وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق 31 سالہ تعمیراتی مزدور ولادیمیر وِتکوف کو گرفتار کر لیا گیا، اور اس نے ’بچے کو قتل کرنے کی کوشش‘ کرنے کا اعتراف کیا ہے، بچہ اپنے خاندان کے ساتھ ایران سے فرار کے بعد روس آیا تھا، جہاں اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے باعث حالات خراب ہو چکے تھے۔
ڈیلی مرر اور ڈیلی میل دونوں نے رپورٹ کیا کہ بچے کو کھوپڑی اور ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹیں آئی ہیں، جب کہ ڈیلی میل نے لکھا کہ بچہ ’کوما‘ میں ہے۔
سی سی ٹی وی کی دل دہلا دینے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ وِتکوف نے بچے کو اٹھایا اور ماسکو ہوائی اڈے کے آمد ہال میں زور سے زمین پر پٹخ دیا۔