امریکی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان 12 ماہ میں سب سے زیادہ معاشی بہتری والے ممالک میں شامل ہوگیا ہے اور ملکی معیشت دیوالیہ پن کے خطرے سے نکل کر مستحکم ہونے کے سفر پر گامزن ہے اور پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خطرات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
وزارت خزانہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوم برگ انٹیلیجنس کے تازہ ترین عالمی ڈیٹا کے مطابق پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خطرات میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمی رپورٹ ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان اُن چند ممالک میں سر فہرست ہے جنہوں نے پچھلے 12 ماہ کے دوران دیوالیا ہونے کے خطرے میں سب سے زیادہ کمی دکھائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دیوالیہ ہونے کا امکان میں سب سے ذیادہ 11 فیصد پوائنٹس کی بہتری آئی ہے، یہ بہتری ارجنٹینا، تیونس اور نائجیریا سمیت دنیا کے تمام بڑے ترقی پذیر ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے بلوم برگ رپورٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعداد و شمار حکومتی معاشی صورتحال میں بہتری کا ثبوت ہے، پاکستان اپنے مضبوط معاشی مستقبل کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ بہتر معاشی اشاریوں میں حکومتی ٹیم کی دن رات کی محنت اور لگن شامل ہے، پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جس نے پچھلے 12 مہینوں میں معیشت میں سب سے زیادہ بہتری دکھائی۔
بلوم برگ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق میں ترکی، مصر، ایکواڈور اور گیبون جیسے ممالک کے دیوالیہ ہونے کے خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔