کویت سٹی : کویت نے فیملی ویزا، سیاحتی، تجارتی اور سرکاری وفود کے ویزوں کے اجرا کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا ہے۔ زرائع کے مطابق یہ اقدام ویزوں کے اجرا کے عمل کو آسان اور مؤثر بنانے کی طرف ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔
کویتی امیگریشن ادارے نے بتایا ہے کہ اب بیرون ملک سے آنے والے افراد تین ماہ کی مدت کے لیے سیاحتی ویزے کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ اس کے علاوہ کویت میں مقیم غیر ملکی اپنے اہل خانہ کے ویزے بھی آسانی سے اس ڈیجیٹل سہولت کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔
مزید برآں، تجارتی ویزے اور سرکاری وفود کے لیے بھی ویزہ درخواست کا عمل مکمل طور پر آن لائن دستیاب ہوگا۔
امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کا مقصد پرانے کاغذی طریقہ کار کو ختم کرکے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہے-