اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس دوران عزادارن حضرت امام حسین کی عظیم اور لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، ملک بھر میں یوم عاشور پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، عاشورہ کے جلوس ملک بھر میں اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ منازل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔
کراچی میں مجلسِ عزا کے بعد نشتر پارک سے یوم عاشور کا جلوس برآمد ہوا جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک تھی، شرکا نے تبت سینٹر ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہرین ادا کی، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
تاریخی نثار حویلی سے نکلنے والے عاشورہ کے جلوس میں شامل عزادار ماتم داری اور نوحہ خوانی سے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھ شہدا کو پرسہ دیا اور شرکا نے امام حسین اور ان کے رفقا کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
جلوس کے شرکا نے چوک رنگ محل پر نماز ظہرین ادا کی، جلوس اپنے روایتی راستوں چوہٹہ مفتی باقر، مسجد وزیر خان، کشمیری بازار صرافہ بازار، گمٹی بازار، ڈبی بازار، سید مٹھا تحصیل بازار ، بازارحکیماں، بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
سینیئر وزیر مریم اورنگزیب دیگر وزرا کے ہمراہ کربلا گامے شاہ پہنچیں اور انہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دریں اثنا یوم عاشور پر آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور سیف سٹی ہیڈکوارٹرز پہنچ گئے اور مرکزی جلوسوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔