لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل میں طبیعت خراب ہو گئی، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
وکیل یاسمین راشد رانا مدثر ایڈووکیٹ نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما کو جیل سے سروسز ہسپتال ایمرجنسی میں منتقل کر دیا گیا۔
رانا مدثر ایڈووکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو سانس لینے میں شدید دشواری ہو رہی ہے، ان کو معدے میں بھی شدید تکلیف ہے۔
انہوں نےکہا کہ سروسز ہسپتال میں ڈاکٹر یاسمین راشد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد کو سانس میں دشواری کے باعث آکسیجن بھی لگائی گئی ہے۔
دریں اثنا، ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد ایمرجنسی کے سی سی یو میں زیر علاج ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد کو سانس میں دشواری، دل کہ دھڑکن تیز ہونے اور بلڈ پریشر بڑھنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو معدے میں جلن اور درد بھی ہے، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد کو تمام ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
