آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں شکست کھانے کے بعد بھارت اپنے مذموم عزائم کے لئے پراکسی جنگ کو بڑھا رہا ہے۔۔۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 16ویں بلوچستان نیشنل ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا بھارت کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی بلوچستان کے عوام کی گہری حب الوطنی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش ہے۔۔بھارت معرکۂ حق میں شکست کھانے کے بعد مذموم عزائم کے لئے پراکسی جنگ کو بڑھا رہا ہے۔۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا *فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار کے مہرے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔۔ ان فتنوں کا انجام بھی وہی ہوگا جو معرکۂ حق میں ان کے آقائوں کا ہوا، ان شاء اللہ۔۔
آرمی چیف نے کہا دہشت گردی کا کوئی مذہب، فرقہ یا قومیت نہیں ہوتی،اس کے خلاف پوری قوم کا متحد ہونا ضروری ہے۔۔ قومی وقار اور سلامتی کو یقینی بنانے کےلئے قوم اندرونی یا بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ہے۔۔
فیلڈ مارشل نے کہا پاکستان علاقائی امن کے لیے پرعزم مگر ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہے۔ آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی اور بلوچستان کی ترقی کے لئے مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کو دوہرایا۔۔
شرکاء میں سول سوسائٹی، بیوروکریسی، میڈیا تعلیم کے شعبہ سے وابستہ افراد شامل تھے۔۔
نشست کے اختتام پر فیلڈ مارشل اور شرکاء کے مابین سوال و جواب کا سیشن ہوا۔۔ فیلڈ مارشل نے شرکا کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے۔۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو قومی ترقی کا ضامن قراردیا۔۔ انہوں نے ادارہ جاتی ہم آہنگی اورقومی سطح پر مربوط حکمت عملی پر زور دیا۔۔

