پاک فوج رنگ، نسل یا مذہب کی تفریق کے بغیر ہر مشکل میں پاکستان کے عوام کے شانہ بشانہ

کرتارپور:پاک فوج ہمیشہ پاکستان کے عوام کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے ہو کر ان کا ساتھ دیتی ہے، چاہے وہ قدرتی آفات ہوں یا قومی چیلنجز۔ حالیہ دنوں میں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں سیالکوٹ، شکر گڑھ، نارووال اور کرتار پور کا دورہ کیااور سکھ کمیونٹی کے ساتھ اپنی ہم آہنگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سکھ کمیونٹی سے خطاب میں سکھ کمیونٹی کی تمام عبادت گاہوں کی جلد مکمل بحالی کی یقین دہانی کرائی۔

سکھ کمیونٹی نے اس پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔ سکھ رہنماء رمیش سنگھ اروڑہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے دوران آپ کی فوری امداد اور ہمارے ہیلی کاپٹروں کی دستیابی پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ پاکستان ہماری دھرتی اور ہماری جان ہے اور پاک فوج نے ہمیشہ ہمارے تحفظ اور فلاح کے لیے کام کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سکھوں کا رشتہ ناخن اور گوشت کی طرح ہے، اور یہ رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سکھ کمیونٹی کے ساتھ بیٹھنے سے پوری دنیا کے سکھوں کا سر فخر سے بلند ہو گیا۔ دنیا کو جب پتہ چلے گا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خود کرتار پور کا دورہ کیا تو سکھوں کا مان مزید بڑھے گا۔ دنیا بھر کے سکھ آ کر کہتے ہیں کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے محفوظ ترین ملک ہے۔ سکھ یاتری جب پاکستان سے ہو کر واپس جاتے ہیں تو ان کی آنکھوں میں آنسو ہوتے ہیں۔ سکھ یاتری کہتے ہیں کہ جتنا پیار ملا ہے دل نہیں کرتا کہ پاکستان چھوڑ کر واپس جائیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دیگر سکھ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ "فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جو سکھ کمیونٹی کا مان بڑھایا اس پر پوری دنیا کے سکھوں کی طرف سے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔سیلاب کے بعد 24 گھنٹے میں جو آپ نے کیا اس کے لیے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ کرتار پور صاحب کے لیے آپ نے جو کیا اس پر بھرپور شکر گزار ہیں۔دنیا بھر کے سکھوں کا سر پاکستان کی طرف عقیدت و احترام کے ساتھ جھکتا ہے۔ دنیا بھر کے سکھوں کا پیار اور ہمدردیاں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ پوری دنیا کے سکھ آپ کے مشکور ہیں، پاکستان ہمارے لیے حقیقی طور پر جنت ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے