کراچی — پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ باکسنگ چیمپئن شپ 2025 میں سندھ کی گرلز اور بوائز ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ایونٹس میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
بوائز کے مقابلوں میں حیدرآباد نے دوسری جبکہ شہید بینظیر آباد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
دوسری جانب گرلز ایونٹ میں شہید بینظیر آباد کی ٹیم دوسری اور حیدرآباد کی ٹیم تیسری پوزیشن پر رہی۔
تقریبِ اختتامیہ جامعہ کراچی کے انڈور اسپورٹس جمنازیم میں منعقد ہوئی جس کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کی، جبکہ پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سندھ ریجن کے کوآرڈی نیٹر فہد شفیق تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
اس موقع پر ایچ ای سی کے پراجیکٹ منیجر عدنان سعید، پی ایم وائی پی کے نمائندہ ذکی، لیگ کے آرگنائزنگ سیکریٹری و فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر باسط انصاری اور ایونٹ کوآرڈی نیٹر محمد اکبر بھی موجود تھے۔
مہمانِ خصوصی فہد شفیق نے کہا کہ جامعہ کراچی نے بہترین میزبانی کا مظاہرہ کیا، اور اس ایونٹ کے انعقاد سے نیا باکسنگ ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں باکسنگ کے بے پناہ امکانات موجود ہیں اور اس ٹورنامنٹ نے نوجوانوں کے لیے خود کو منوانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
ایونٹ کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے فاتح ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافیاں پیش کیں، جبکہ کھلاڑیوں کو میڈلز اور نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔
چیمپئن شپ تین روز تک جاری رہی جس میں سندھ بھر سے بڑی تعداد میں نوجوان باکسرز نے شرکت کی۔

