غزہ – غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ایک مغوی کی لاش ریڈ کراس کے ذریعے وصول کر لی گئی ہے۔ لاش کو پولیس کی نگرانی میں تل ابیب کے ابو کبیر فرانزک انسٹی ٹیوٹ منتقل کر دیا گیا، جہاں شناخت کا عمل دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس اب تک 16 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر چکی ہے، جبکہ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ گروپ کے پاس اب بھی 12 یرغمالیوں کی لاشیں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو پہلے ہی مصری تکنیکی ٹیم کو غزہ میں داخلے کی اجازت دے چکے ہیں تاکہ ہلاک شدہ یرغمالیوں کی باقی لاشوں کی تلاش میں مدد کی جا سکے۔
اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ریڈ کراس اور مصری ٹیموں کو اسرائیلی فوج کی "ییلو لائن” کے پار جا کر تلاش کی اجازت ہوگی، تاہم یہ کارروائیاں اسرائیلی نگرانی میں انجام پائیں گی۔
پیر کی صبح حماس کے عسکری وِنگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ایک مغوی کی لاش برآمد کی ہے جو بعد ازاں ریڈ کراس کے حوالے کر دی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یرغمالیوں کی لاشوں کی بازیابی اور حوالگی وہ حساس معاملہ ہے جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

