ابو ظہبی — متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں وزٹ ویزا کے ضوابط میں اہم تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت اب کوئی بھی فرد اپنے رشتہ داروں یا دوستوں کو وزٹ ویزے پر بلانے سے قبل مخصوص آمدنی کی حد پوری کرنے کا پابند ہوگا۔
عرب میڈیا کے مطابق فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (ICP) نے وزٹ ویزا پالیسی پر نظرِ ثانی کے بعد نئی آمدنی کی شرائط متعارف کرائی ہیں۔
نئے وزٹ ویزا ضوابط:
-
اگر کوئی شخص اپنے والدین، اہلیہ یا بچوں کو وزٹ ویزے پر بلانا چاہتا ہے تو اس کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 4 ہزار درہم (تقریباً 3 لاکھ 7 ہزار پاکستانی روپے) ہونا لازمی ہے۔
-
دوسرے یا تیسرے درجے کے رشتہ داروں کو بلانے کے لیے کم از کم 8 ہزار درہم (تقریباً 6 لاکھ 14 ہزار روپے) ماہانہ آمدنی ضروری ہے۔
-
جبکہ دوستوں کو وزٹ ویزا پر بلانے کے خواہشمند افراد کے لیے شرط ہے کہ ان کی ماہانہ آمدنی کم از کم 15 ہزار درہم (تقریباً 11 لاکھ 52 ہزار پاکستانی روپے) ہو۔
ڈائریکٹر جنرل آئی سی پی میجر جنرل سہیل سعید الخیلی کے مطابق یہ اصلاحات معاشی اور انسانی عوامل کو مدِنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں تاکہ یو اے ای میں زندگی کے معیار اور سیکیورٹی اسٹینڈرڈز برقرار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے ضوابط متحدہ عرب امارات کی اس وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہیں جس کے تحت ملک کو بین الاقوامی ٹیلنٹ کے لیے مزید پرکشش بنایا جا رہا ہے — خاص طور پر سیاحت، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور تفریحی صنعتوں کے شعبوں میں۔
قبل ازیں، یو اے ای نے چار نئی وزٹ ویزا کیٹیگریز متعارف کرائی تھیں جو مصنوعی ذہانت کے ماہرین، انٹرٹینمنٹ ایونٹس، کروز شپ اور لیژر بوٹس کے لیے مخصوص ہیں۔
