ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں یورپی یونین کے چوتھے فلم فیسٹیول کا شاندار آغاز ہو گیا، جس میں نامور یورپی فلمی ستارے، پروڈیوسرز، ہدایتکار، فلمی ناقدین اور سعودی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہیں۔
فیسٹیول میں 11 نومبر تک مختلف یورپی اور سعودی فلموں کی نمائش کی جائے گی، جن میں ایکشن، ڈرامہ، کامیڈی اور اینیمیٹڈ فلمیں شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب میں سعودی فلم کمیشن، واکس سنیما اور عربیہ پکچرز کے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ متعدد معروف سعودی اداکار، فلم ساز اور فلمی ناقدین شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کے سفیر کرسٹوف فرنوڈ نے کہا کہ "یورپی یونین فلم فیسٹیول کا چوتھا ایڈیشن مشرقِ وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد ثقافتی اور تفریحی پروگرام ہے، جو یورپی اور سعودی تخلیق کاروں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اس فیسٹیول میں مختلف اصناف پر مبنی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں تاکہ شائقین کو تفریح، ثقافت اور فنونِ لطیفہ کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملے۔

