پاکستان، سری لنکا سیریز کے میچز کا شیڈول تبدیل
اسلام آباد – پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان بقیہ ایک روزہ میچز اب 14 اور 16 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ “سری لنکن ٹیم کے پاکستان میں سیریز جاری رکھنے کے فیصلے پر ہم دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ سیریز کے اگلے دونوں میچز راولپنڈی ہی میں ہوں گے، اور شائقین کرکٹ کو بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو دورۂ پاکستان جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
پاکستانی شائقین کرکٹ نے بھی سری لنکن ٹیم کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے جذبے اور دوستی پر شکریہ ادا کیا ہے۔