ڈونلڈ ٹرمپ پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوالات پر غصے میں آگئے
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوالات پر برہم ہو گئے اور میڈیا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اے بی سی فیک نیوز ہے جبکہ ان کا اپنے خاندان کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ ممکن ہے ان کا خاندان سعودی عرب کے ساتھ کاروبار کر رہا ہو اور وہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں یہ کاروباری تعلقات مزید بڑھے۔
ایپسٹین فائلز سے متعلق سوال پر بھی ٹرمپ نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ ایک معزز مہمان کی موجودگی میں ایسے سوالات حیران کن ہیں، میرا ایپسٹین فائلز سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔
صدر ٹرمپ نے سابق امریکی صدور پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اوباما نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات خراب کیے جبکہ جو بائیڈن کو معلوم ہی نہیں تھا کہ آگے کیا کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی فوج کو مضبوط بنایا اور اس پر ٹریلین ڈالرز خرچ کیے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ جنگیں رکوانے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ’’میں نے آٹھ جنگیں رکوائیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کو بھی روکا،‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا۔