خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا ابوظہبی میں آرٹ میلہ 2025 کا دورہ
ابوظہبی: خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے منگل کو منارۃ السعدیات میں منعقدہ ’’ابوظہبی آرٹ میلہ 2025‘‘ کا دورہ کیا۔ یہ آرٹ میلہ محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظہبی کے زیرِ اہتمام اور ابوظہبی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان کی زیر سرپرستی منعقد ہو رہا ہے۔
ابو ظہبی کے محکمہ ثقافت و سیاحت کے اعلیٰ حکام نے خاتون اول کا استقبال کیا۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری نے عالمی سطح کی نمائشوں اور گیلریوں کا معائنہ کیا اور فنکاروں، کیوریٹرز اور نمائش کنندگان سے بات چیت کی۔ آرٹ میلہ معاشروں کے درمیان باہمی تفہیم کو فروغ دیتا ہے اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ابوظہبی آرٹ میلہ، سال بھر چلنے والے بصری آرٹس پروگرام کا سالانہ اختتامی اور سب سے اہم ایونٹ ہے، جو مقامی اور بین الاقوامی گیلریوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے تاکہ جدید اور معاصر فن پارے نمائش کے لیے پیش کیے جائیں۔ اس میلے میں نمائشوں، فن پاروں اور آرٹ کے ذریعے مختلف تناظر اور نقطہ ہائے نظر کو اجاگر کیا جاتا ہے، اور بین الاقوامی و مقامی گیلریاں حصہ لیتے ہوئے مختلف آرٹسٹوں کے فن پارے نمائش کے لیے پیش کرتی ہیں۔