دبئی – متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے دبئی ایئر شو 2025 نے 202 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں کے ساتھ ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا، جو 2023 کے مقابلے میں دوگنا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق دبئی ایئر شو دنیا کے سب سے بڑے ایوی ایشن ایونٹس میں شمار ہوتا ہے جس میں اس سال 2 لاکھ 48 ہزار سے زائد ماہرین، صنعتی شخصیات اور سیاحوں نے شرکت کی۔
ایونٹ میں 1500 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہوئے جن میں 440 کمپنیاں پہلی مرتبہ شامل تھیں۔ مختلف ممالک سے آنے والے 115 ممالک کے 490 فوجی اور سول وفود نے بھی شرکت کی، جو اس ایئر شو کی عالمی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔
نمایاں معاہدوں میں ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے بوئنگ سے 65 اضافی 777-9 اور ایئربس سے آٹھ A350-900 طیاروں کی خریداری شامل ہے، جن کی مجموعی مالیت 41.4 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔ اسی طرح فلائی دبئی نے بوئنگ کے ساتھ 75 بوئنگ 737 میکس طیاروں کی خریداری کے لیے 13 ارب ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
ایئر شو میں اس بار تاریخ کا سب سے بڑا اسپیس پویلین شامل کیا گیا، جو یو اے ای اسپیس ایجنسی کے تعاون سے ترتیب دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ فضائی صنعت میں ماحولیاتی استحکام کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات بھی پیش کیے گئے، جو متحدہ عرب امارات کے پائیدار اور جدید ایوی ایشن مستقبل کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
