اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دہلی میں دو ہفتے قبل ہونے والے مہلک دہشت گرد حملے کے بعد اپنے دسمبر میں طے شدہ دورۂ بھارت کو مؤخر کردیا ہے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ فیصلہ سنگین سیکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے، جبکہ دورے کی نئی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ رواں برس تیسری مرتبہ وزیراعظم نیتن یاہو نے بھارت کے دورے کو ملتوی کیا ہے۔ اس سے قبل وہ 9 ستمبر کو ایک روزہ دورے پر بھارت آنا چاہتے تھے مگر 17 ستمبر کے الیکشن کی وجہ سے پروگرام منسوخ کرنا پڑا۔ اپریل میں بھی ان کا طے شدہ دورہ اچانک معطل کر دیا گیا تھا جس پر بھارتی حکومت کو سفارتی سطح پر خاصی شرمندگی اٹھانا پڑی۔
اسرائیلی وزیراعظم آخری مرتبہ 2018 میں بھارت گئے تھے، تاہم رواں سال تین بار اعلان کے باوجود دورہ ممکن نہ ہوسکا۔ اطلاعات کے مطابق اب نیتن یاہو کا بھارت کا دورہ ممکنہ طور پر اگلے برس 2026 میں ہی متوقع ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 2017 میں اسرائیل کا دورہ کر چکے ہیں اور وہ ایسا کرنے والے پہلے بھارتی وزیراعظم تھے۔
