ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز:سری لنکا کی پاکستان پر 6 رنز سے فتح، فائنل میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی
ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کے آخری لیگ میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی۔ فائنل ہفتے کے روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ جلد گر گئی جہاں اوپنر پاتھم نسانکا 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم کمل مشارا اور کوشل مینڈس نے 66 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ مینڈس 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مشارا نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز اسکور کیے۔ لیاناگے 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر 184 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی۔ پاور پلے میں صرف 45 رنز بنے اور 4 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ صاحبزادہ فرحان 9، بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے، فخر زمان 1 جبکہ صائم ایوب 27 رنز بنا سکے۔ بعد ازاں کپتان سلمان علی آغا اور عثمان خان نے ٹیم کا اسکور 99 تک پہنچایا، تاہم عثمان خان 33 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
محمد نواز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 27 رنز کی تیز اننگز کھیل کر پاکستان کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی، لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد مطلوبہ رنز کا دباؤ بڑھ گیا۔ آخری اوور میں پاکستان کو 10 رنز درکار تھے مگر دشمانتھا چمیرا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 3 رنز دیے اور فہیم اشرف کی وکٹ حاصل کرکے اپنی ٹیم کو 6 رنز سے فتح دلادی۔ سلمان علی آغا 63 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دشمانتھا چمیرا نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل ہفتے کے روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔