پاکستان وائٹ بال ٹیم کا غیر ملکی سپورٹ اسٹاف چھٹیوں پر روانہ
لاہور — پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا غیر ملکی سپورٹ اسٹاف ٹیم کی مصروفیات نہ ہونے کے باعث چھٹیوں پر روانہ ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بولنگ کوچ ایشلے نوفکے، فیلڈنگ کوچ شین میکڈرمٹ، فزیو کلف ڈیکن اور اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ گرانٹ لوڈن اپنے وطن واپس چلے گئے ہیں، جہاں وہ کرسمس اور نیو ایئر اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ منائیں گے۔
اسٹاف ممبران نئے سال کی تعطیلات کے بعد دوبارہ ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ٹیم کی آئندہ مصروفیت کے مطابق پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ جنوری کے پہلے ہفتے میں سری لنکا کا دورہ کرے گا، جس کے لیے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو بعد میں رپورٹ کرنا ہوگی۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن بھی ٹرائی سیریز کے فائنل کے فوراً بعد نیوزی لینڈ روانہ ہوگئے تھے۔ ٹیم حکام کے مطابق موجودہ عرصے میں کوئی بین الاقوامی سیریز نہ ہونے کے باعث سپورٹ اسٹاف کو آرام اور اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کی اجازت دی گئی ہے۔