سانتیاگو — چلی کے صدارتی انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کے امیدوار جوز انتونیو کاسٹ واضح اکثریت کے ساتھ کامیاب ہو گئے ہیں۔ سرکاری نتائج کے مطابق، تقریباً 80 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد کاسٹ کو 58 فیصد ووٹ ملے، جو ان کی حریف امیدوار کمیونسٹ پارٹی کی رکن اور وسیع بائیں بازو کے اتحاد کی امیدوار جینیٹ جارا پر نمایاں برتری ہے۔
انتخابی مہم کے دوران جوز انتونیو کاسٹ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ لاکھوں غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملک سے نکالیں گے، شمالی سرحد کو بند کریں گے، پرتشدد جرائم پر قابو پائیں گے اور سست معیشت کو دوبارہ متحرک کریں گے۔
حریف امیدوار جینیٹ جارا نے نتائج سامنے آنے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اعلان کیا کہ انہوں نے جوز انتونیو کاسٹ کو فون کر کے شکست تسلیم کر لی ہے اور کہا کہ ووٹرز نے اپنا فیصلہ واضح طور پر سنا دیا ہے۔
نوٹ رہے کہ نومبر میں ہونے والے پہلے مرحلے میں جینیٹ جارا نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے، تاہم حتمی مرحلے میں جوز انتونیو کاسٹ نے مجموعی اکثریت حاصل کر کے صدارتی کرسی پر قبضہ کر لیا۔
